سینئر اداکارہ حمیرا بانو نے شادی کرلی

لاہور(شوبز ڈیسک ) معروف سینئر اداکارہ حمیرا بانو ممکنہ طور پر رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں جس کا انھوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر مبہم انداز میں عندیہ دیا ہے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اداکارہ حمیرا بانو نے اس بات کا اعلان اپنے آفیشل انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور اپنے شوہر کے ہمراہ تصاویر بھی شیئر کیں۔تاہم ان تصاویر میں اداکارہ نے اپنے شوہر کا چہرہ نمایاں نہیں کیا البتہ اپنی نئی زندگی کے آغاز پر ایک جذباتی پیغام بھی تحریر کیا۔اداکارہ حمیرا نے لکھا کہ کبھی انسان اپنے لیے کچھ اور منصوبہ بناتا ہے لیکن اللہ تعالیٰ کی منصوبہ بندی کچھ اور ہوتی ہے اور جب رب ’’کْن‘‘ فرما دے تو منزل آسان ہوجاتی ہے۔حمیرا بانو کی شادی کی خبر سامنے آتے ہی شوبز شخصیات، دوستوں اور مداحوں کی جانب سے مبارکبادوں کا تانتا بندھ گیا۔اداکارہ مایا خان، سباحت بخاری، منسا ملک، عرفان موری والا سمیت متعدد افراد نے سوشل میڈیا پر ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اداکارہ کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر پر ان کے مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کے لیے نئی زندگی میں خوشیوں، محبت اور کامیابی کی دعائیں کیں۔