محافل ، جلوس سکیورٹی کیلئے 55 ہزار اہلکار تعینات

 صوبہ میں کل 1436 محافل ، 2479 جلوسوں کی سکیورٹی یقینی بنانیکی ہدایت ، لاہور میں بھی سکیورٹی الرٹ 
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس نے کل عید میلاد النبیؐکے موقع پر صوبہ بھر میں ہونیوالی محافل میلاد، ریلیوں اور جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے انتظامات مکمل کر لیے۔ آئی جی عبدالکریم نے صوبہ بھر میں سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے اور شرپسند و ملک دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کردی۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبہ بھر میں 1436 محافل میلاد النبی ؐ اور 2479 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 55 ہزار سے زائد افسر و اہلکار تعینات کیے جائینگے۔ لاہور میں عید میلاد النبیؐ کے موقع پر 216 جلوس نکالے جائینگے اور 111 محافل ہونگی جنکی سکیورٹی کیلئے 8 ہزار سے زائد افسر، اہلکار اور والنٹیرز فرائض انجام دینگے۔ ٹریفک پولیس، ایلیٹ، سپیشل برانچ اور سی ٹی ڈی ٹیمیں سکیورٹی انتظامات میں معاونت کریں گی۔آئی جی نے ہدایت کی کہ تمام جلوسوں، ریلیوں اور محافل کیلئے طے شدہ ایس او پیز کے مطابق فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے۔ سیف سٹی کیمروں اورکنٹرول رومز کی مدد سے سکیورٹی انتظامات کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جائے۔ تمام آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز اپنے اضلاع میں سکیورٹی انتظامات کی خود نگرانی کریں۔