تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 498 میں ترمیم، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا
لاہور (زیڈ این این)حکومت پنجاب نے وراثتی جائیداد چھپانے اور شرعی وارثوں کو ان کے حق سے محروم کرنے کے عمل کی روک تھام کے لیے تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 498 میں ترمیم کرتے ہوئے سزا مزید سخت کر دی ہے۔ترمیم شدہ قانون کے تحت اب کوئی بھی شخص قانونی وارثوں سے جائیداد نہیں چھپا سکے گا، اور ایسا کرنے والے فرد کو 10 سال تک قید اور 10 لاکھ روپے تک سنگین جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔ اس نئے قانون کے اطلاق کے فوراً بعد سیشن کورٹ لاہور میں دفعہ 498 اے کے تحت پہلا باقاعدہ مقدمہ دائر کر دیا گیا ہے، جہاں ایڈیشنل سیشن جج اقتدار حسین کی عدالت میں فوزیہ نامی خاتون نے اپنے وراثتی حق کے لیے دعویٰ پیش کیا۔خاتون نے ڈاکٹر زین العابدین ایڈووکیٹ کے توسط سے عدالت سے رجوع کیا، جس پر معزز عدالت نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ تھانہ باغبانپورہ پولیس سے مقدمے کا مکمل ریکارڈ کل طلب کر لیا ہے۔