تاجر میر رضا قتل کیس ، جوڈیشل کمیشن قائم،جسٹس عمر سیال سربراہ مقرر

 وکیل جبران ناصر کا جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ ،فیملی ہائی کورٹ سندھ پہنچ گئی 
کراچی(آئی این پی ) سندھ حکومت نے کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا علی کے قتل کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن قائم کردیا۔چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے جسٹس عمر سیال کو میر رضا علی کی ہلاکت کی تحقیقات کرنے والے جوڈیشل کمیشن کا سربراہ نامزد کردیا۔میر رضا کی فیملی جوڈیشل کمیشن کے قیام کیخلاف سندھ ہائیکورٹ پہنچ گئی۔سندھ حکومت کی جانب سے کمیشن کی تشکیل سندھ ٹریبونل آف انکوائری آرڈیننس 1969 کے تحت کی گئی ہے، سندھ حکومت نے جوڈیشل کمیشن کے لئے ٹی او آرز بھی طے کر دئیے ہیں۔جوڈیشل کمیشن میر رضا علی کی ہلاکت سے متعلق مختلف پہلوئوں کا جائزہ لے گا اور واقعے کے حقائق سامنے لانے کیلئے تحقیقات کرے گا۔ مقتول میر رضا کی فیملی کے وکیل جبران ناصر نے سندھ حکومت کی جانب سے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا مطالبہ کردیا۔ سندھ ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جبران ناصر ایڈووکیٹ نے کہا کہ کل میڈیا کے توسط سے جوڈیشل کمیشن بنانے کے فیصلے کا پتا چلا، کمیشن کیلئے ایک ہائیکورٹ کے جج کو نامزد کیا جارہا ہے، حکومت کے فیصلے کی کاپی ابھی تک فیملی کو بھی نہیں دی گئی۔