کراچی(آئی این پی) میر رضا قتل کیس میں بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کا کہنا ہے کہ پہلی تفتیشی ٹیم نے شواہد ضائع کیے اور ماتحتوں پر ملبہ ڈال دیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میر رضا کیس کے لیے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس جسٹس عمر سیال کی سربراہی میں ہوئی۔جوڈیشل کمیشن کے سربراہ جسٹس عمر سیال نے سیکرٹری ہیلتھ اور ڈی جی ہیلتھ پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے غیر قانونی طور پر مداخلت کرکے میر رضا قتل کیس میں میڈیکل بورڈ تشکیل دیا اور بورڈ میں تبدیلیاں کیں۔کمیشن نے کہا کہ پہلی تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو نے 6 دن میں کیس کا بیڑہ غرق کیا، 52 کیمروں میں سے ایک فوٹیج لی، کرائم سین کی جھاڑیاں جلا دیں، پہلی تفتیشی ٹیم نے شواہد ضائع کیے اور ماتحتوں پر ملبہ ڈال دیا۔