ریلوے :مواصلاتی اور سگنلنگ سسٹمز کی تنصیب کا آغاز

4ڈویڑنز میں بتدریج پش ٹو ٹاک ڈیجیٹل کمیونیکیشن نیٹ ورک بھی نافذ ہورہا
لاہور (خصوصی رپورٹ)پاکستان ریلویز نے اپنے نیٹ ورک کو ڈیجیٹلائز اور خودکار بنانے کے ایک بڑے پروگرام کا آغاز کیا ہے ،ویلتھ پاکستان کو دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق قومی ریلوے نیٹ ورک کے اہم سیکشنز پر جدید مواصلاتی اور سگنلنگ سسٹمز نصب کیے جا رہے ہیں۔اپ گریڈیشن کے تحت لانڈھی، جمعہ گوٹھ، بڈل نالہ اور سرحد سٹیشنز پر کمپیوٹرائزڈ انٹر لاکنگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے تاکہ دستی کنٹرولز کی بجائے ٹرینوں کی سمت متعین کرنے اور حادثات کی روک تھام کی صلاحیت میں نمایاں بہتری لائی جا سکے۔اسی کے ساتھ کراچی، لاہور سیکشن کے ٹیلی کام نظام کو ڈیجیٹل مائیکروویو ریڈیو کمیونیکیشن سسٹم کے ذریعے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے تاکہ ٹرین آپریشنز کے لیے بلا تعطل اور محفوظ ڈیٹا ٹرانسمیشن کو یقینی بنایا جا سکے۔راولپنڈی، لاہور، سکھر اور کراچی ڈویڑنز میں بتدریج پش ٹو ٹاک ڈیجیٹل کمیونیکیشن نیٹ ورک بھی نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ فیلڈ سٹاف اور کنٹرول رومز کے درمیان بروقت ہم آہنگی کو مضبوط کیا جا سکے۔پاکستان ریلویز کے ایک سینئر عہدیدار نے ویلتھ پاکستان کو بتایا کہ موجودہ سگنلنگ سسٹم کا 80 فیصد سے زائد حصہ مکینیکل اور ریلے بیسڈ ٹیکنالوجی پر مشتمل ہے جو چوری، ماحولیاتی نقصان اور آپریشنل خرابیوں کے لیے حساس ہے۔