درخت گرنے سے نوجوان محمداحمد جان کی بازی ہارگیا،،فصلوں کونقصان
کھچی والا (خصوصی رپورٹ) کھچی والا شہر اور گردونواح کے چکوک میں تیز آندھی اور طوفانی بارش۔ تیز آندھی کے باعث درجنوں درخت گر گئے۔ درخت گرنے سے نوجوان جانبحق۔ تفصیلات کے مطابق کھچی والا شہر اور گردونواح کے چکوک میں گزشتہ روز تیز آندھی اور طوفانی بارش نے تباہی مچا دی۔ تیز رفتار ہوا ئوں کے باعث درجنوں درخت جڑوں سے اکھڑ کر زمین بوس ہوگئے جس سے نظام زندگی شدید متاثر ہوا۔ کئی مقامات پر سڑکیں بند ہوگئیں اور ٹریفک کی روانی معطل رہی۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ درخت گرنے کے نتیجے میں معروف کاروباری شخصیت وارث علی جنرل سٹور والے کے ماموں زاد بھائی محمد احمد نامی نوجوان جان کی بازی ہار گیا جس سے علاقہ بھر میں کہرام مچ گیا۔ لواحقین غم سے نڈھال ہیں جبکہ اہلِ علاقہ نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق بارش کے ساتھ ساتھ شدید آندھی نے کپاس سمیت دیگر کھڑی فصلوں کو بھی نقصان پہنچایا ہے، بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے کئی گھنٹے تک بجلی معطل رہی اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ معززینِ علاقہ نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جاں بحق نوجوان کے ورثاء کی مالی امداد کی جائے اور بارش کے باعث جو سڑکیں متاثر ہوئی ہیں انہیں فوری طور پر آمدورفت کے لیے بحال کیا جائے تاکہ عوام کو مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔