پنجاب بھر میں آندھی، موسلادھار بارش،درخت اکھڑ گئے ، فیڈرز ٹرپ

لاہور سمیت کئی شہروں میں تیز ہواؤں کے بعد فیڈرز ٹرپ، بجلی بندش سے شہری پریشان،قصور، سرگودھا، ساہیوال سمیت متعدد شہروں میں نشیبی علاقے زیر آب،سردی آمدہوگئی
 لاہور(آئی این پی ،زیڈ این این) پنجاب بھر میں آندھی اور موسلا دھار بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا، تاہم متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لکشمی چوک، نسبت روڈ، مال روڈ، ڈیوس روڈ، گلبرگ، جوہر ٹاؤن، گرین ٹاؤن اور ٹاؤن شپ سمیت مختلف علاقوں میں بارش کے باعث متعدد فیڈرز ٹرپ ہوگئے جس سے بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔پنجاب کے دیگر شہروں خوشاب، سرگودھا، چنیوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کندیاں، شیخوپورہ، کمالیہ، پاکپتن، بھلوال اور مریدکے میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی۔ اسی طرح قصور، پتوکی، پھول نگر، ساہیوال، اوکاڑہ اور حجرہ شاہ مقیم میں بھی بادل جم کر برسے، جس سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔بارش کے بعد گرمی کی شدت میں نمایاں کمی آئی جس سے شہریوں نے سکون کا سانس لیا۔ تاہم بجلی کی بندش کے باعث کئی علاقوں میں پانی کی فراہمی اور روزمرہ امور متاثر ہوئے، جبکہ شہریوں نے لیسکو انتظامیہ سے فوری بحالی کا مطالبہ کیا۔