36 غیر قانونی شکاری خو د’’شکار‘‘

پنجاب بھر میں جنگلی پرندوں کے غیر قانونی شکار کیخلاف بڑا کریک ڈا ئون،36 ملزم گرفتار ، 321 پرندے بازیاب 
لاہور(کرائم رپورٹر)سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات پنجاب مدثر ریاض ملک کی ہدایت پر صوبے بھر میں جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیر قانونی شکار، کاروبار اور قبضہ کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈا ئون جاری ہے۔ چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی کی قیادت میں ہونے والی کارروائیوں کے دوران مختلف اضلاع سے 36 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے قبضہ سے 321 پرندے اور 21 نیٹنگ گئیرز بر آمد کیے گئے۔ترجمان کے مطابق ملزمان میں سے 9 کو مجموعی طور پر 3 لاکھ 61 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا، 5 کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی جبکہ دیگر ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔کریک ڈا ئون کے دوران لاہور، قصور، فیصل آباد، جھنگ، خانیوال، ملتان، لودھراں، اوکاڑہ، منڈی بہا ئوالدین، ساہیوال، سرگودھا، میانوالی، بہاولپور، مظفرگڑھ، ڈی جی خان، راجن پور، گجرات، بھکر اور بہاولنگر میں کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ بازیاب کروائے گئے جنگلی پرندوں میں بٹیر، تیتر، فاختائیں، چکور، مور اور مختلف اقسام کے طوطے شامل ہیں۔ زیادہ تر پرندوں کو عدالتی احکامات کے مطابق قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا گیا ہے جبکہ باقی پرندے بھی عدالت کی اجازت سے آزاد کر دیے جائیں گے۔کریک ڈا ئون میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز اور مختلف اضلاع کے ہیڈ وائلڈ لائف رینجرز سمیت تمام متعلقہ افسران نے بھرپور حصہ لیا۔ سیکرٹری جنگلات مدثر ریاض ملک، چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الٰہی اور ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر سید کامران افضل بخاری براہ راست اس آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔