لاہور (کرائم رپورٹر)چیف وائلڈلائف رینجر مبین الہی کی زیر قیادت صوبہ میں جنگلی حیات کے غیر قانونی شکار کی روک تھام کیلئے چھاپہ مارکارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ محکمہ جنگلی حیات نے مختلف شہروں میں فالکن،مرغابی اور بٹیر کے 5شکاریوں کے چالان کر دئیے۔ترجمان کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر ز راولپنڈی ریجن ،ارفع بتول کی سربراہی میں وائلڈ لائف رینجر ز راولپنڈی اور اٹک نے فالکن کے 3غیر قانونی شکاری گرفتار کرکے ان کے خلاف مقامی تھانہ میں ایف آئی آر درج کرادی ،1بٹیر نیٹنگ گیئر ضبط کیا اور مرغابی کے 1شکاری کو 56ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر چنیوٹ اویس کسانہ نے بٹیر کے 2نیٹنگ گیئر ز ضبط کر کے ملزمان کیخلاف ایف آئی آر درج کروادی۔ایسی ہی ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر مظفر گڑھ محمد سلیم نے بٹیر کے 5 نیٹنگ گیئر زضبط کر کے قانونی کارروائی شروع کردی۔