تین شکاری کتے، دو جنگلی سور اور پانچ موٹرسائیکلیں برآمد، مقدمات درج
ٓلاہور (کرائم رپورٹر) سینئر وزیر مریم اورنگزیب کی زیر قیادت محکمہ جنگلی حیات پنجاب کا غیر قانونی شکار کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ گزشتہ روز صوبے کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران ایک مادہ پاڑہ ہرن کو بحفاظت ریسکیو کرنے سمیت تیتر، بٹیر، فاختہ، جنگلی خرگوش، جنگلی سور اور گیدڑ کے غیر قانونی شکار میں ملوث 18 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان سے تین شکاری کتے، دو جنگلی سور اور پانچ موٹرسائیکلیں برآمد کی گئیں، جبکہ گرفتار افراد کے خلاف مقدمات اور جرمانوں کی کارروائی عمل میں لائی گئی۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجرز سالٹ رینج ریجن سید علی عثمان بخاری کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر چکوال مرزا عابد حسین نے چھ مختلف کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران جنگلی سور، گیدڑ، خرگوش، تیتر، بٹیر اور فاختہ کے غیر قانونی شکار میں ملوث 12 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ ان میں سے چھ ملزمان کے خلاف وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر ایف آئی آرز درج کرائی گئیں، جبکہ چھ افراد کو مجموعی طور پر دو لاکھ پانچ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر نارووال حنفیہ یوسف نے شکرگڑھ میں اپنے قدرتی مسکن سے بھٹک کر آبادی میں آنے والی مادہ پاڑہ ہرن کو بحفاظت ریسکیو کیا اور بعد ازاں اسے قدرتی ماحول میں آزاد کر دیا۔ایک اور کارروائی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر میانوالی عبداللہ بلال نے کتوں کے ذریعے جنگلی سور کے غیر قانونی شکار میں ملوث پارٹی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین شکاری کتے، دو جنگلی سور اور پانچ موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔ اس کارروائی میں پانچ ملزمان کا چالان کرکے انہیں ایک لاکھ 55 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ادھر اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ملتان اسد سجاد نے بستی ملوک کے ایک نجی ہوٹل پر چھاپہ مار کر بٹیر کا گوشت فروخت کرنے والے ایک شخص کو گرفتار کیا اور اسے 80 ہزار روپے جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹا دیا۔محکمہ جنگلی حیات کے مطابق صوبے میں غیر قانونی شکار اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔