لاہور میں چینی کی قلت برقرار ہے، جس کی وجہ ہول سیل ڈیلرز اور چھوٹے دوکانداروں کی ملی بھگت قرار دی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں روزانہ 700 ٹن چینی سپلائی کی جارہی ہے، لیکن گلی محلوں اور کریانہ اسٹورز میں چینی دستیاب نہیں۔شہر کے مختلف علاقوں جیسے علامہ اقبال ٹاؤن، مسلم ٹاؤن، سمن آباد، شادمان، فیصل ٹاؤن، وحدت روڈ، منصورہ اور ملتان روڈ پر چینی کی عدم دستیابی کے باعث شہری سرکاری ریٹ پر چینی کے حصول سے محروم ہیں۔لاہور کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چینی کی سپلائی پر چیک اینڈ بیلنس لگایا جائے تاکہ ہول سیل ڈیلرز اور دوکاندار شہریوں کو فراہم کی جانے والی چینی میں مداخلت نہ کریں۔صدر ایسوسی ایشن ثقلین طاہر بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت کی طرف سے فراہم کی گئی چینی بعض اوقات عام شہریوں کی بجائے بیکریوں اور دیگر مقامات پر بلیک مارکیٹ میں جا رہی ہے، جس کے باعث شہری چینی کو ترس رہے ہیں۔یہ صورتحال لاہور میں چینی کی مصنوعی قلت اور شہری مشکلات کی واضح عکاسی کرتی ہے۔