اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ہول سیل مارکیٹ میں بجلی کی فراہمی کا نظام پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد بجلی کے شعبے پر موجود مالی بوجھ کو کم کرنا اور صارفین کو سستی بجلی فراہم کرنا ہے۔ذرائع کے مطابق، ابتدائی طور پر لیسکو کے وہ صارفین جن کا لوڈ ایک میگاواٹ سے زائد ہے، مستقبل میں پرائیویٹ بجلی گھروں سے براہِ راست بجلی خرید سکیں گے۔ اس کے لیے بجلی فراہم کرنے والی کمپنی اور خریدار کے درمیان 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی کا معاہدہ کیا جائے گا۔بجلی پیدا کرنے والے اور خریدنے والے دونوں فریقین لیسکو کا ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم استعمال کریں گے، جس کے بدلے لیسکو کو ترسیلی نظام کے کرایے کی مد میں ادائیگی کی جائے گی۔حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اس نئے نظام کے تحت قومی گرڈ پر بوجھ میں نمایاں کمی آئے گی، بجلی کے ٹیرف میں کمی کا امکان پیدا ہوگا اور نجی بجلی گھروں (IPPs) پر انحصار کم ہونے سے مالی دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔ حکومت کا یہ اقدام توانائی کے شعبے میں اصلاحات کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔