لاہور(کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈپارٹمنٹ کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب بھر میں 1374 ٹریفک حادثات پیش آئے جن میں 1587 افراد متاثر ہوئے۔ ان میں 656 شدید زخمی افراد کو فوری طور پر ضلعی و تحصیل ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ 916 معمولی زخمیوں کو جائے حادثہ پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق حادثات کی سب سے زیادہ تعداد موٹرسائیکلز کی رہی جو 77 فیصد ہے۔ ان حادثات میں 883 ڈرائیورز، 64 کم عمر ڈرائیورز، 539 مسافر اور 165 پیدل چلنے والے متاثر ہوئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سب سے زیادہ 244 حادثات رپورٹ ہوئے جن میں 282 شہری متاثر ہوئے۔ ملتان میں 98 حادثات میں 102 اور فیصل آباد میں 86 حادثات میں 102 افراد متاثر ہوئے۔ زخمیوں میں 1256 مرد اور 331 خواتین شامل ہیں جن میں 232 کی عمر 18 سال سے کم، 884 کی عمر 18 سے 40 سال اور 471 کی عمر 40 سال سے زائد ہے۔ حادثات میں 1439 موٹرسائیکلز، 74 رکشے، 140 کاریں اور دیگر گاڑیاں شامل تھیں۔