وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بطور جماعت نشانہ نہیں بنایا جا رہا بلکہ کارروائی صرف ان عناصر کے خلاف کی جا رہی ہے جنہوں نے قانون توڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت کو بھی واضح پیغام دیا گیا ہے کہ وہ ایسے افراد سے لاتعلقی اختیار کرے جو قانون کی خلاف ورزی میں ملوث پائے گئے۔ ان کے مطابق پولیس نے مکمل شواہد اکٹھے کر کے گرفتاریاں کی ہیں، یہاں تک کہ علیمہ خان کا بیٹا بھی حسان نیازی کے ساتھ موجود تھا۔وزیرِ مملکت کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح طور پر کہا ہے کہ "گرینڈ ڈائیلاگ" کا فورم قومی اسمبلی اور سینیٹ ہی ہیں اور بات چیت کے لیے ان کا دفتر ہر وقت کھلا ہے۔طلال چوہدری نے مزید کہا کہ اگر پی ٹی آئی واقعی گرینڈ ڈائیلاگ چاہتی ہے تو اسے اسپیکر کی پیشکش قبول کرنی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی سیاسی عمل سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور ضمنی انتخابات میں عوام جو بھی فیصلہ دیں گے، وہ خوشدلی سے قبول کیا جائے گا۔