ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اعزاز میں تھائی لینڈ کے سابق وزیراعظم تھکسان شینا وترا نے خصوصی عشائیہ دیا، جس میں سابق وزیراعظم پائیتونگترن شینا وترا سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی نے مریم نواز شریف کا پرتپاک استقبال کیا اور مسلم لیگ ن کے قائد و سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں سابق وزرائے اعظم نے مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔تھکسان شینا وترا نے کہا کہ مریم نواز اور ان کے والد کی عوامی خدمت اور جدوجہد واقعی قابل ستائش ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے بھی تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کی تھائی عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی اصلاحات تھائی لینڈ میں عوامی بہتری کے لیے سنگ میل ثابت ہوئیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان اور تھائی لینڈ کے تعلقات باہمی احترام اور تجارت پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں جدت اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور تھائی لینڈ کے تعاون سے ترقی کی رفتار مزید تیز ہو سکتی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وہ ٹیکسٹائل، زراعت، سیاحت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تھائی لینڈ کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو بڑھانا چاہتی ہیں۔ انہوں نے تھائی کاروباری برادری کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور کہا کہ انہیں صوبے کی منڈیوں تک آسان رسائی فراہم کی جائے گی۔مزید برآں مریم نواز نے کہا کہ ثقافت، تعلیم اور سیاحت کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے قریب آ سکتے ہیں۔ انہوں نے تھائی لینڈ کی اصلاحات کو قابل تقلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے بہتر مستقبل کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔آخر میں وزیراعلیٰ پنجاب نے تھکسان شینا وترا اور ان کی صاحبزادی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں پنجاب کا دورہ کرنے کی باضابطہ دعوت دی۔