برطانیہ کے شاہی خاندان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اعزاز میں ونزر کاسل میں شاندار عشائیہ دیا۔
اس موقع پر بادشاہ چارلس نے خطاب میں کہا کہ دنیا کے پیچیدہ تنازعات کے حل میں صدر ٹرمپ کی کوششیں قابلِ تعریف ہیں اور امن کے لیے ان کا عزم لائقِ ستائش ہے۔صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے تعلقات دہائیوں سے فخر کا باعث ہیں اور برطانیہ کا یہ دورہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔ونزر کاسل پہنچنے پر شاہی خاندان نے صدر ٹرمپ اور خاتون اول میلانیا ٹرمپ کا پرتپاک استقبال کیا۔ صدر ٹرمپ نے شاہ چارلس اور ملکہ کمیلا کے ہمراہ گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا جبکہ فوجی تقریب میں شاندار فلائی پاسٹ اور رائل فورس کی پریڈ بھی شامل تھی۔
یہ صدر بننے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کا برطانیہ کا دوسرا سرکاری دورہ ہے۔ دورے کے دوران امریکا اور برطانیہ کے درمیان سرمایہ کاری سے متعلق کئی اہم معاہدے طے پانے کی توقع ہے۔ آج صدر ٹرمپ برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر سے بھی ملاقات کریں گے۔