غزہ کی صورتحال پر او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے اسحاق ڈار جدہ پہنچ گئے

غزہ کی صورتحال پر او آئی سی اجلاس میں شرکت کیلئے اسحاق ڈار جدہ پہنچ گئے

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچ گئے، جہاں وہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے 21ویں غیر معمولی اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

دفتر خارجہ کے مطابق یہ اجلاس آج او آئی سی سیکریٹریٹ جدہ میں منعقد ہو رہا ہے جس میں رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور اعلیٰ حکام شریک ہوں گے۔ اجلاس کا بنیادی ایجنڈا فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال ہے، خاص طور پر اسرائیلی جارحیت، غزہ پر فوجی کنٹرول کے منصوبوں پر تشویش اور فلسطینی عوام کے بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر غور کیا جائے گا۔ اس موقع پر فلسطین کے مسئلے پر مشترکہ حکمت عملی مرتب کرنے اور عالمی برادری کو متحرک کرنے کے امور پر بھی بات چیت متوقع ہے۔جدہ ایئرپورٹ پر پاکستان کے سفیر احمد فاروق، قونصل جنرل خالد مجید اور پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے او آئی سی فواد شیر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستان کے مستقل نمائندہ برائے او آئی سی فواد شیر بھی موجود تھے۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاکستان فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گا اور اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر اقدامات پر زور دے گا۔