حکمران ملکی بہتری کی بجائے دن رات کرسی بچانے کا سوچتے ہیں،رانا زمان سعید

بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں حکومتوں کی ناکامیوں کا واضح ثبوت ہے،
 حکومت  بڑے ڈیم نہیں بنا سکتی تو اضلاع اور تحصیل کی سطح پر چھوٹے ڈیم بنائے جائیں
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان جمہوری لیگ کے سربراہ رانا زمان سعید نے کہا ہے کہ حکمران ملک کی بہتری کی بجائے دن رات اپنی کرسی بچانے کا سوچتے ہیں۔ بارش کا پانی قدرت کی نعمت ہے جسے ہم ذخیرہ کرنے کی صلاحیت نہ رکھنے کے باعث ضائع کر رہے ہیں  اگر حکومت ملک میں بڑے ڈیم نہیں بنا سکتی تو اضلاع اور تحصیل کی سطح پر چھوٹے ڈیم بنائے جائیں تاکہ بارش کے پانی کو ذخیرہ کیا جا سکے اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی بچا جا سکے۔اتوار کو یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا زمان سعید نے کہا کہ  بارش اللہ تعالی کی نعمت ہے لیکن ہمارے نا اہل حکمرانوں کی کی نالائقی کی وجہ سے لوگ بارش کو زحمت سمجھتے ہیں۔جب یہ معلوم ہے کہ ہر سال بارش ہوتی ہے تو بارش کے پانی کی نکاسی اور سیلاب سے بچاو کے لئے پیشگی اقدامات کیوں نہیں کئے جاتے۔ بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریاں حکومتوں کی ناکامیوں کا واضح ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس پانی ذخیرہ کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔آج بارشوں کا پانی ضائع ہو رہا ہے۔اگر حکومتیں بڑے ڈیم نہیں بنا سکتی تو اضلاع اور تحصیل کی سطح پر چھوٹے ڈیم بنا کر پانی کو ذخیرہ کر کے نہ صرف اپنی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں بلکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بھی بچا جا سکتا ہے