وقار احمد باجوہ
سبحان اللہ ،ماشاء اللہ ،الحمدللہ! ساتوں زمینوں،ساتوں آسمانوں پراوران دیکھے جہانوں میں سچے اللہ ربّ العزت کے سچے محبوب اورخاتم الاانبیاء سرورکونین حضرت سیّدنامحمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کے شایان شان آپ سرکارکا پندرہ سوواں جشن ولادت منائے جانے کی تیاریاں زوروشور سے جاری ہیں۔ہرسچے مسلمان کی میٹھی زبان پردرودوسلام کاورد جاری ہے۔سورج، چانداورستارے پوری آب وتاب کے ساتھ جگمگارہے ہیں۔شجر بھی خوشی سے جھوم اورشوخی میںہوائوں کوچوم رہے ہیں۔پرندوں کی چہچہاہٹ بھی قابل دید ہے۔ربّ کائنات کی ساری مخلوقات اورتخلیقات خاتم الاانبیاء سرورکونین حضرت سیّدنامحمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کے پندرہ سوویں جشن ولاد ت پرانتہائی خوش ہیں ۔ عاشقان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم دل وجان سے مسروروشادمان ہیں، ہرکوئی یہ چاہتا ہے امسال پچھلے برس سے زیادہ عقیدت ومحبت اوراحترام کے ساتھ میلادالنبی کااہتمام کیاجائے ۔صمیم قلب سے دعا ہے اللہ سبحانہ وتعالیٰ عشاق کی توفیقات میں برکت اوران کیلئے آسانیاں پیدافرمائے۔(آمین ثم آمین)یقینا قلوب واذہان میں سوال اُٹھ رہے ہوں گے کہ پندرہ سو ویں جشن ولادت میں ایسا کیا منفرد ہے،تو میںاللہ سبحانہ وتعالیٰ کاارشاد آپ کی سماعتوں اوربصارتوں کی نذر کرتا ہوں ،ترجمہ:" اور بیشک اے محبوب (صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم) تمہارے لئے ہر پچھلی گھڑی پہلی سے بہتر ہے"۔یعنی ہم حقیرغلاموں کے آقا،سروراورہمارے سرکار حضرت سیّدنامحمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی پہلے سے یہ شان ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ واصحبہٰ وبارک وسلم انتہائی بلنداور اونچامقام ومرتبہ رکھتے ہیں، جب سے اللہ ربّ العزت نے آپ کو پیدا فرمایا، تب سے اب تک محسن انسانیت اورسراپارحمت سرورکونین حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ واصحبہٰ وبارک وسلم ہی سب سے افضل، سب سے اعلیٰ وارفعٰ، سب کے آقااور سب کے مسیحا اورنجات دہندہ ہیں۔
بعد ازاللہ بزرگ توئی قصہ مختصر،پھر نہایت افضل و اعلیٰ رُتبے کے ساتھ اللہ ربّ العزت نے آپ کو یہ شان بھی بخشی ہے کہ وہ قادر وکارساز ہر لمحے آپ کی رفعتوں ،عزتوں اورعظمتوں میں اضافہ ہی اضافہ کرتاچلا جا رہا ہے، ہر آنے والے پل میں آپ کی عظمتوں اورشان میں مزید سے مزید اضافہ کرتا چلا جارہا ہے۔جس کاذکر خود اللہ ربّ العزت بلندکرے اس کی شان میں کوئی شیطان کمی نہیں کرسکتا۔اے عاشقان رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم ! یہ شانِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم ہے۔ آپ اندازہ کیجئے! آپ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی رفعتیں ،عزتیں ، عظمتیں ،بلندیاںاورشانیں سب نبیوں سے بھی بلنداور اونچی ہیں، وہ بڑی بلند اورپاک شان والے اللہ ربّ العزت کے محبوب صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم جو رات کے ایک مختصر ترین وقت میں فرش سے عرش تک کا سفر کر کے، اللہ ربّ العزت کے قرب خاص کی سب منازل طے کر کے واپس تشریف لا سکتے ہیں، جن کی رات کے مختصر لمحے کی پرواز اتنی زیادہ ہے، پندرہ سوبرسوں میں ان کی رفعت ،عفت ،عزت ا ورعظمت میں کس قدر اضافہ ہو چکا ہو گا،یقینا ہمارے وہم وگما ن سے بہت زیادہ ۔ ان کی عظمتوں اوربلندیوں کا یہ عالم ہے کہ
تیرا وصف بیاں ہو کس سے، تیری کون کرے گا بڑائی
اس گردِ سفر میں گم ہے، جبرائیل امین ؑ کی رسائی
سبحانہ اللہ ،ماشاء اللہ ،الحمدللہ ! میںمیڈیا کی مستنداطلاعات کی روشنی میںبتاتاچلوں صرف یورپ میں ایک سال میں اوسطاً ایک لاکھ افراددین فطرت اسلام کادامن تھام کر غلامی مصطفی کے دامن میں چلے آتے ہیں۔ الحمد اللہ!اب دنیا کے ہر ملک میں مسلمان موجوداوراسلامی تعلیمات زندہ ہیں، دنیا بھر میں ایساکوئی مقام نہیں جہاں موذن پانچ وقت اذان نہ دیتے ہوں ۔ عالمی اعدادوشمار کی روسے اس وقت دنیا میں تقریباًڈھائی ارب مسلمان ہیں۔ یعنی دنیا کا تقریباً ہر چوتھا انسان مسلمان اورمعبود برحق پرپختہ ایمان رکھتا ہے۔ یقینا یہ ڈھائی ارب مسلمان مل کر بھی کسی ایک صحابی رضی اللہ عنہ کے قدموں کی دھول کے برابر بھی نہیں ہو سکتے لیکن جورسول اللہ خاتم الانبیاء صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کودیکھنے بغیر دائرہ اسلام میں داخل ہوئے وہ بھی بہت نیک بخت ہیں۔ ہم صرف تعداد کی بات کریں،تو حجۃ الوداع کے موقع پر تقریباً ایک لاکھ چوبیس ہزار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تھے، یعنی اُس وقت ایک لاکھ چوبیس ہزار دل یادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم میں تڑپتے تھے، ایک لاکھ چوبیس ہزار زبانیں اپنے آقا سرورکونین حضرت سیّدنامحمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی پاک بارگاہ میں درودوسلام کانذرانہ پیش کرتی تھیں، دو لاکھ اڑھتالیس ہزار کان ذکرِ مصطفی سن کر سرور پاتے تھے۔ اب الحمد للہ یادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم میں تڑپنے والے قلوب، ذِکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کرنے والی زبانوں اور ذِکر مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم سن کر خوش ہونے والے کانوں کی تعداد میں کئی لاکھ گنا اضافہ ہو چکا ہے۔اللہ ربّ العزت کی بارگاہ میں سرکار جان عالم صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہٰ وبارک وسلم کی عظمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ سرورکونین ،سراپارحمت اور خاتم الانبیاء حضرت سیّدنا محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہ وبارک کے عشاق اپنے صادق جذبوں اوروالہانہ عقیدتوں کے ساتھ اپنے آقا کی ولادت کا پندرہ سوواں جشن منا نے میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔میں اپنے سچے اللہ ربّ العزت اوراس کے محبوب خاتم الانبیاء حضرت سیّدنا محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہ وبارک کی پاک اوربلندشان پرقربان جائوں،اللہ سبحانہ وتعالیٰ اوراس کے ان گنت ملائکہ خود خاتم الانبیاء حضرت سیّدنا محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہ وبارک پردرود بھیجتے ہیں،اے ایمان والوتم بھی سرورکونین ،سراپارحمت اور خاتم الانبیاء حضرت سیّدنا محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ واصحبہ وبارک کی پاک بارگاہ میں زیادہ سے زیادہ درودسلام بھیجا کرو۔