لاہور: جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اکتوبر میں کسی بھی تاریخ کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا دوبارہ اعلان کرے گی۔
منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ اسلام آباد مارچ کے حوالے سے 25 ستمبر کو لاہور میں شام 5 بجے جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی مسائل اور مہنگائی کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ بجلی اور گیس کی قیمتیں عوام کے لیے ناقابل برداشت ہوچکی ہیں، جبکہ مہنگے یوٹیلیٹی بلز نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔جماعت اسلامی کے نائب امیر نے آئی پی پیز کے معاہدوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے آئی پی پیز کے خلاف احتجاج اور دھرنے کیے۔ ان کے مطابق 10 آئی پی پیز کے معاہدے ختم ہونے کے قریب ہیں، جبکہ مزید 21 آئی پی پیز کے معاہدے آخری مرحلے میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی ضروری ہے۔ لیاقت بلوچ نے حکومت کی پٹرولیم پالیسی پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک لیٹر پٹرول پر 107 روپے لیوی ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کو درپیش معاشی مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے احتجاجی تحریک جاری رکھے گی اور اکتوبر میں اسلام آباد لانگ مارچ کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔