اسلام آباد: پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر جماعت اسلامی کا اسلام آباد مارچ اور احتجاجی سرگرمیاں جاری ہیں، جبکہ حکومت نے معاملے کے حل کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت سے ایک بار پھر رابطہ کیا ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ سے ٹیلی فونک رابطہ کرکے مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت معاملات کو مذاکرات اور باہمی مشاورت کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے اور جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اس معاملے پر اس سے قبل بھی متعدد مذاکراتی نشستیں ہو چکی ہیں، تاہم پٹرولیم لیوی کے خاتمے سمیت اہم مطالبات پر تاحال حتمی پیش رفت سامنے نہیں آسکی۔حکومتی رابطے پر لیاقت بلوچ نے کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن اور سینئر قیادت سے مشاورت کے بعد حکومتی پیشکش کا جواب دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا فیصلہ برقرار ہے۔
دوسری جانب جماعت اسلامی نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر اسلام آباد مارچ کا اعلان بھی کر رکھا ہے۔ جماعت اسلامی کے مطابق احتجاج کا مقصد پٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کے خاتمے سمیت عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانا ہے۔حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ 7 ستمبر سے جاری ہے۔ 16 ستمبر کو ہونے والا مذاکراتی دور بھی کسی حتمی اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوا تھا، جس کے بعد دونوں جانب سے رابطوں کا سلسلہ دوبارہ تیز ہوا ہے۔اب حکومت کی جانب سے دوبارہ مذاکرات کی دعوت اور جماعت اسلامی کی قیادت کی مشاورت کے بعد آئندہ لائحہ عمل سامنے آنے کی توقع ہے، جبکہ پٹرولیم لیوی کے خاتمے کا مطالبہ اس تنازع کا مرکزی نکتہ برقرار ہے۔