کوئٹہ (خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کنک وادی میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائی کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 9 دہشت گردوں کو ہلاک کرنا سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بروقت کارروائی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کو بروقت اور مؤثر انداز میں ناکام بنایا، جبکہ ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور 3 موٹرسائیکلوں کی برآمدگی بھی اہم کامیابی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کارروائی کے دوران زخمی ہونے والے سیکیورٹی فورسز کے جوان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جوانوں کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور دہشت گرد عناصر صوبے کے امن کو سبوتاژ کرنے میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے