اسلام آباد (آن لائن) راولپنڈی میں 21 سالہ صبا مسیح کے المناک قتل کے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) پولیس پنجاب سے کیس کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔سینیٹ کمیٹی کی چیئرپرسن سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے واقعے پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ رپورٹ میں کیس کے تمام حقائق، اب تک کی جانے والی تحقیقات کی صورتحال اور تفتیشی افسر کے حتمی نتائج کو لازمی طور پر شامل کیا جائے۔چیئرپرسن نے زور دیا کہ مقتولہ کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے اور شفاف تحقیقات کے ذریعے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ آئی جی پنجاب کو یہ رپورٹ جلد از جلد سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔