مسائل کے فوری حل ،پالیسی سازی میں تمام سٹیک ہولڈرزسے مشاورت کا عمل موثر بنایا جائیگا:راشد محمود لنگڑیال
لاہور(آئی این پی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کیلئے ٹیکس نظام کو مزید آسان، شفاف اور سہل بنایا جا رہا ہے، اس مقصد کیلئے ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ٹیکس امور سے متعلق مسائل کے فوری حل اور پالیسی سازی میں ٹیکس پریکٹیشنرز سمیت تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل مزید موثربنایا جائے گا، ٹیکس دہندگان کو سہولت فراہم کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹیکس انتظامی نظام میں بہتری لانا ایف بی آر کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر رانا ثاقب منیر اورجنرل سیکرٹری فاروق گجر کی قیادت میں ملاقات کرنے والے عہدیداران کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ممبر آپریشنز ایف بی آر، چیف ڈومین پی آر اے ایل (پرال)، لاہور کے چیف کمشنرز ایل ٹی او، سی ٹی او، آر ٹی او ون اور آر ٹی او ٹو سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران ٹیکس دہندگان، ٹیکس پریکٹیشنرز اور ایف بی آر کے فیلڈ فارمیشنز سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا