بائیومیٹرک نظام میں خامیاں ، ٹیکس دہندگان کیلئے مشکلات

لاہور (کرائم رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے لیے بائیومیٹرک تصدیق کا نظام تاحال بہتر نہ ہو سکا جس کے باعث ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق موجودہ نظام کے باعث بیرون ملک مقیم پاکستانی اور معذور افراد کو رجسٹریشن اور ریٹرن فائلنگ میں غیر معمولی مسائل درپیش ہیں۔ بروقت ٹیکس رجسٹریشن نہ ہونے سے تعمیل کی شرح بھی متاثر ہورہی ہے۔ٹیکس کنسلٹنٹس نے ایف بی آر کو بائیومیٹرک سسٹم مئوثر اور فعال بنانے کی تجویز دی ہے، جس کے تحت موبائل ایپ میں چہرے کی شناخت اور فنگر پرنٹ اسکیننگ کی سہولت شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔مزید یہ کہ موبائل ایپ کو ایف بی آر اور نادرا کے ڈیٹا بیس سے براہِ راست منسلک کرنے پر زور دیا گیا ہے تاکہ ٹیکس دہندگان کو فوری سہولت میسر آسکے۔صارفین کا کہنا ہے کہ ڈیجیٹل حل سے رجسٹریشن میں تاخیر کا خاتمہ ہوگا، تعمیل کی شرح بڑھے گی اور بیرون ملک پاکستانیوں سمیت تمام ٹیکس دہندگان کو سہولت حاصل ہوگی۔ ماہرین کے مطابق اس جدید نظام کے نفاذ سے ٹیکس نیٹ میں توسیع اور قومی ریونیو میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے