یہ کسی کے باپ کا نہیں ہم سب کا پاکستان ہے،احتجاج ہر صورت کریں گے سہیل آفریدی

تین چار دنوں سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد ہمارے کارکنوں، تنظیمی عہدے داروں اور منتخب نمائندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں
جو بھی پاکستان کو تقسیم کرنے یا خیبر پختونخوا کو جدا کرنے کی سازش کرے گا اسے  پیغام ہے، ہم پاکستانی تھے، پاکستانی ہیں اور  رہیں گے
پشاور  (آئی این پی ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے  سادہ لباس افراد ہماری بیورو کریسی، پولیس، ڈی سیز اور ڈی پی اوز کو ڈرا اور دھمکا رہے ہیں، ہماری سنوائی نہیں ہورہی جس پر پرامن احتجاج کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے یہ کسی کے باپ کا نہیں ہم سب کا پاکستان ہے۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین چار دنوں سے سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈے ہمارے کارکنوں، تنظیمی عہدے داروں اور منتخب نمائندوں کو نشانہ بنا رہے ہیں، مواصلات و تعمیرات کے وزیر شکیل خان پر قاتلانہ حملہ اور انہیں اغوا کرنے کی کوشش کی گئی مگر ناکام رہے، کل ہمارے وزیر آبپاشی ریاض خان کے گھر پر بھی سادہ کپڑوں میں ملبوس غنڈا گرد پہنچے، ڈی آئی خان اور دیگر اضلاع میں بھی ہمارے کارکنوں اور منتخب نمائندوں کے ساتھ یہی سلوک کیا جا رہا ہے۔ ۔وزیراعلی نے کہا کہ آج خیبرپختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹ دیا جائے گا، تمام راستے خیبر پختونخوا کے لیے بند کر دیے جائیں گے، باقی پاکستان کھلا ہوگا لیکن صرف خیبر پختونخوا سے نہ کوئی جا پائے گا نہ آ پائے گا، خیبر پختونخوا کو باقی پاکستان سے کاٹنے اور تمام راستے بند کرنے کا کیا مطلب لیا جائے؟۔انہوں نے کہا کہ کیا کوئی سازش ہو رہی ہے؟ کیا مشرقی پاکستان جیسا سانحہ دہرانے  کی کوشش کی جا رہی ہے؟ جو بھی سازش ہو رہی ہے اور اس کے پیچھے جو بھی لوگ ہیں انہیں واضح پیغام ہے، پاکستان ہمارا ہے،  جو بھی پاکستان کو تقسیم کرنے یا خیبر پختونخوا کو پاکستان سے جدا کرنے کی سازش کرے گا اسے ہمارا واضح پیغام ہے، ہم پاکستانی تھے، ہم پاکستانی ہیں اور انشا اللہ پاکستانی رہیں گے۔