سیکریٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈاپور کو خیبر پختونخوا کی وزارتِ اعلیٰ سے ہٹایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی کو خیبر پختونخوا کا نیا وزیرِ اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔اس سے قبل پی ٹی آئی ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ علی امین گنڈاپور کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ لگائے جانے کا امکان ہے۔دوسری جانب بشریٰ بی بی کے وکیل رائے سلیمان نے بھی علی امین گنڈاپور کو ہٹائے جانے کی تصدیق کی تھی، جبکہ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اس بارے میں لاعلمی ظاہر کی تھی۔
علی امین گنڈاپور نے خود کہا تھا کہ انہیں وزارتِ اعلیٰ چھوڑنے کی کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارتِ اعلیٰ پارٹی اور بانی کی امانت ہے اور جب کہا جائے گا کہ وزارتِ اعلیٰ چھوڑ دو، وہ اس کی تعمیل کریں گے۔