پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے اپوزیشن جماعتوں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانیٔ پی ٹی آئی عمران خان کسی ڈیل کا حصہ نہیں ہیں اور ان کا لندن جانے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ عمران خان نے ہمیشہ ڈیل نہ کرنے کا موقف اپنایا ہے۔سلمان اکرم راجہ نے ماضی کی سیاست پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مختلف جماعتیں مقتدرہ کے ذریعے اقتدار حاصل کرتی رہی ہیں، اور اب ان غلطیوں کا اعادہ نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ چادر اور چار دیواری کی پامالی کے باوجود یہ سیاست نہیں بلکہ شرافت کا مسئلہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 8 فروری کو عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالا گیا اور پی ٹی آئی کے کارکنان نے اس کا بھرپور احتجاج کیا۔ سلمان اکرم راجہ نے سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام کو یکجا ہو کر آواز اٹھانے کی دعوت دی اور کہا کہ اگر قوم متحد ہو کر باہر نکلے تو کوئی رکاوٹ نہیں ہو گی۔انہوں نے قوم کو گارنٹی دی کہ پی ٹی آئی ان کے ساتھ کھڑی ہوگی اور وہ ایک ساتھ اس جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔