پاکستانی ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر و اداکارہ سحر حیات نے اپنی اور ٹک ٹاکر شوہر سمیع رشید کی علیحدگی کے حوالے سے زیر گردش خبروں کی تصدیق کر دی ہے۔
انسٹاگرام پر ایک سوال و جواب کے سیشن میں سحر حیات نے مداح کے سوال کے جواب میں بتایا کہ انہوں نے سمیع رشید سے علیحدگی اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا:"ہم اب اکٹھے نہیں ہیں، لیکن وہ عائرہ کے والد ہی رہیں گے، اس میں ایک فیصد بھی شک نہیں۔ بیٹیاں اپنے باپ کے نام سے جانی جاتی ہیں، اور میں اپنی بیٹی کو ماں اور باپ دونوں کی عزت کرنا سکھاؤں گی۔"انہوں نے مزید کہا کہ جہاں تک عائرہ کے والد سے ملاقات کا تعلق ہے، وہ کسی کو بھی ملنے سے نہیں روک سکتی اور جو کچھ ہوگا وہ قانون کے مطابق ہوگا۔ سحر حیات نے امید ظاہر کی کہ اس معاملے پر مزید بحث کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
واضح رہے کہ سحر حیات ایک مشہور ڈیجیٹل کانٹینٹ کری ایٹر ہیں جن کے انسٹاگرام پر تقریباً 2.9 ملین اور ٹک ٹاک پر 11 ملین فالوورز موجود ہیں۔یہ جوڑا 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھا تھا اور 2024 میں ان کی بیٹی عائرہ کی پیدائش ہوئی تھی، جس کے بعد اختلافات پیدا ہو گئے۔ اس سے قبل سمیع رشید نے علیحدگی کی خبروں کی تردید کی تھی، لیکن اب سحر حیات نے اس کی تصدیق کر دی ہے۔