ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی :ڈی سی
پاکپتن (خصوصی رپورٹ) پیرا فورس اور محکمہ خوراک کی مشترکہ ٹیم نے پل راکھ کے قریب کارروائی کرتے ہوئے ایک نجی گودام سے 190 ٹن گندم برآمد کر لی۔ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ناجائز منافع خوروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے تاکہ عام شہریوں کو گندم اور آٹے کی فراہمی بلا رکاوٹ یقینی بنائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر چھاپہ مار کارروائیاں کر رہی ہے اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اقدامات کیے جا رہے ہیں۔محکمہ خوراک کے افسران کے مطابق برآمد شدہ گندم کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔