اپروچ روڈز، ارٹیریل اور کلکٹر روڈز کی تعمیر تیزی سے جاری:وزیر تعمیرات
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب میں لوکل روڈز کی مرمت اور تعمیر کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر کی سڑکوں کی سکیموں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور افسران کو ہدایات جاری کی گئیں۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے میں پانچ ہزار سے زائد سکیمیں شامل ہیں۔صوبائی وزیر نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں لوکل روڈز کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے۔انہوں نے تمام ایکسینز کو ورکنگ پیپر جلد مکمل کرنے اور سکیموں کی نشاندہی کرنے کا حکم دیا۔سیلاب کے دوران بہترین کام کرنے پر ملتان، ڈی جی خان اور مظفر گڑھ کے عملے کو شاباش بھی دی گئی۔وزیر تعمیرات و مواصلات نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ شاہراہوں کی مرمت ترجیحی بنیادوں پر مکمل کی جائے گی۔اپروچ روڈز، ارٹیریل اور کلکٹر روڈز کی تعمیر تیزی سے جاری ہے۔