بلوچستان :ریلوے ٹریک پر 1 دن میں 2 دھماکے، 13مسافر زخمی

 ڈیگاری پر دھماکے میں نقصان نہیں ہوا، جعفر ایکسپریس تاخیر سے روانہ ہوئی
دشت کے قریب دھماکے میں 6بوگیاں پٹڑی سے اتریں ، مسافر زخمی ہوئے
کوئٹہ (مانیٹرنگ ڈیسک )کوئٹہ کے قریب ریلوے ٹریک پرایک دن میں دو دھماکوں کے نتیجے میں جعفر ایکسپریس کے 13مسافر زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ سے متصل مستونگ کے علاقے دشت میں سپیزنڈ کے قریب ریلوے ٹریک پرمنگل کے روز اس وقت دھماکا ہوا جب وہاں سے جعفر ایکسپریس گزر رہی تھی۔ دھماکے سے ٹرین کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔ٹرین پشاور سے راولپنڈی، لاہور اور سکھر کے راستے کوئٹہ آرہی تھی۔ریلوے کنٹرول کے مطابق دھماکے سے 6 بوگیاں پٹڑی سے اتریں۔ ایس ایچ او لیویز اختر محمد نے بتایا کہ ایک بوگی الٹ گئی جس کی وجہ سے 13 مسافروں کو معمولی زخم آئے۔عینی شاہدین کے مطابق بوگی الٹنے سے مسافر پھنس گئے جنہیں شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ریلوے حکام کے مطابق دھماکے سے پٹڑی کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ پٹڑی کی بحالی اور متاثرہ بوگیوں کو اٹھانے کیلئے ریلیف ٹرین کوئٹہ سے بھیج دی گئی۔ٹرین میں 270 سے زائد مسافر سوار تھے جو واقعے کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت منزل کی جانب روانہ ہو گئے۔واقعے کے بعد ٹرین سروس معطل کردی گئی۔حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت اب تک معلوم نہیں ہوسکی جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا ہے۔اس سے قبل منگل کی ہی صبح اس متاثرہ مقام سے چند کلومیٹر فاصلے پر ڈیگاری کراس کے مقام پر بھی دھماکا ہوا تھا تاہم اس میں کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ پہلے واقعے کے بعد جعفر ایکسپریس چار گھنٹے کی تاخیر سے کوئٹہ سے پشاور روانہ ہوئی تھی۔