وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی راہداری کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس سے علاقائی روابط میں اضافہ ہوگا اور معاشی و تجارتی شعبے میں انقلاب آئے گا۔
ریجنل ٹرانسپورٹ منسٹرز کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ کانفرنس دوطرفہ اور علاقائی روابط کے فروغ کے لیے اہم ہے، اور عالمی سطح پر ٹرانسپورٹ اور روابط کے نظام میں تبدیلیاں جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی معیشت کی اہمیت بڑھنے کے ساتھ ہی گزرگاہوں کی اہمیت بھی بڑھ گئی ہے، خاص طور پر گوادر اور کراچی کی بندرگاہیں، جو میری ٹائم سلک روڈ کا حصہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے، جس میں کاروباری روابط، سرمایہ کاری اور مشترکہ خوشحالی پر توجہ دی جا رہی ہے۔مزید انہوں نے بتایا کہ ٹرانس افغان ریلوے، اسلام آباد، تہران، استنبول ریلوے کوریڈور پر کام جاری ہے، اور علاقائی روابط سے خطے کی اقتصادی صلاحیتیں بڑھیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑے منصوبے خطے کی معیشتی صلاحیتوں کو یکجا کریں گے، اور تجارت، معیشت اور توانائی میں تعاون سے نئے دور کا آغاز ہوگا۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ ڈیجیٹل دور میں روابط صرف سڑک، ریل یا فضائی راستوں تک محدود نہیں بلکہ ڈیٹا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے بھی مربوط ہیں، اور پاکستان ڈیجیٹل انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، تاکہ نوجوان نسل کو جدید تقاضوں کے مطابق تربیت فراہم کی جا سکے۔