پنجاب پولیس کے محمد عرفان عنایت کی سی ایس ایس امتحان میں شاندار کامیابی

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب پولیس کے انٹیلی جنس آفیسر محمد عرفان عنایت نے سی ایس ایس امتحان میں شاندار کامیابی حاصل کر کے محکمہ پولیس اور صوبے کا نام روشن کر دیا۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سی ایس ایس کوالیفائی کرنے والے انٹیلی جنس آفیسر محمد عرفان عنایت سے ملاقات کی اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اہلِ خانہ کو بھی مبارک باد پیش کی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا محمد عرفان عنایت کا انتخاب پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروسز (PAAS) گروپ میں ہوا ہے اور وہ اس وقت پولیس اسکول آف انفارمیشن اینڈ انیلسز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ انٹیلی جنس آفیسر کی سی ایس ایس میں کامیابی سے پولیس فورس کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ آئی جی پنجاب نے محمد عرفان عنایت کو ہدایت کی کہ وہ ٹریننگ بھرپور تندہی اور لگن سے مکمل کریں اور پیشہ ورانہ تجربے کی روشنی میں شہریوں کی خدمت کے نئے آئیڈیاز کے ساتھ ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیسنگ کے تجربات کی بنیاد پر شہریوں کے مسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں حل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اختیارات اور صلاحیتوں کو ملک و قوم کی خدمت اور تعمیر و ترقی کے لیے بروئے کار لائیں۔ڈاکٹر عثمان انور نے یہ بھی کہا کہ محمد عرفان عنایت کا محکمہ پولیس کے ساتھ تعلق ہمیشہ قائم رہے گا۔