6000 سے زائد خواتین کو گاڑی اور سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا چکی:سی ٹی او
لاہور(کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کی ہدایت پر آبشار سنٹر میں بااختیار خواتین،خود مختار معاشرہ کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز سے سکوٹی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین میں ہیلمٹ تقسیم کیے گئے تقریب میں ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز منصورالحسن سمیت دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید کے مطابق اب تک آبشار سنٹر میں 6000 سے زائد خواتین کو گاڑی اور سکوٹی چلانے کی تربیت فراہم کی جا چکی ہے وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ٹریفک پولیس لاہور ہر لمحہ کوشاں ہے۔ سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے 11 ڈرائیونگ سکولز میں طلبا و طالبات کو جدید سیمولیٹرز کے ذریعے تربیت دی جا رہی ہے تاکہ وہ جدید خطوط پر ڈرائیونگ کے اصول سیکھ سکیں۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے مزید کہا کہ ڈرائیونگ سکولز میں پریکٹیکل تربیت کے ساتھ ساتھ مکینیکل تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے تاکہ ڈرائیورز نہ صرف محفوظ ڈرائیونگ کر سکیں بلکہ گاڑی کی بنیادی تکنیکی معلومات سے بھی آگاہ ہوں۔شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک قوانین پر عمل کریں اور اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ہیلمٹ کا استعمال لازمی بنائیں۔ شہری 15 پر کال کرکے یا ٹریفک پولیس لاہور کی ویب سائٹ کے ذریعے ڈرائیونگ سکولز میں داخلے سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔