آئی جی پنجاب کا جمعہ پر سخت سکیورٹی اور عوامی رابطوں کے احکامات

آئی جی پنجاب کا جمعہ پر سخت سکیورٹی اور عوامی رابطوں کے احکامات

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے جمعہ کے روزخصوصی سکیورٹی انتظامات کے لئے مکمل ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 انہوں نے لاہور سمیت صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں سکیورٹی کو سخت بنانے کی ہدایت دی ہے تاکہ امن و امان برقرار رہ سکے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔آئی جی نے حکم دیا کہ مساجد، امام بارگاہیں، مارکیٹیں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ شرپسند عناصر کی سرکوبی کے لئے سرچ آپریشن، سویپ آپریشن اور کومبنگ آپریشنز کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے۔ انہوں نے کاروباری مراکز اور عبادت گاہوں کے اطراف پٹرولنگ میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ کسی بھی غیر معمولی واقعہ سے بروقت نمٹا جا سکے۔ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا تھا کہ پولیس کا بنیادی فرض شہریوں کی جان، مال اور املاک کا تحفظ ہے۔

 اس سلسلے میں انہوں نے تمام سینئر افسران کو ہدایت دی کہ وہ فیلڈ میں رہ کر سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں اور یقینی بنائیں کہ تمام اقدامات موثر طریقے سے عمل درآمد ہو رہے ہیں۔مزید برآں، انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ نماز جمعہ کے بعد مساجد میں شہریوں کے مسائل سننے کے لئے پولیس موجود رہے تاکہ عوام اور پولیس کے درمیان رابطہ مضبوط ہو اور کسی بھی مسئلے کو بروقت حل کیا جا سکے۔ یہ اقدامات امن و امان کے قیام اور عوام کے اعتماد میں اضافے کے لیے اہم قرار دیے گئے ہیں۔