حج 2025 کے دوران رہائش، کھانے پینے، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر معاملات میں ساڑھے 3 ارب روپے کی بچت کی گئی، یہ رقم واپس کی جا ئیگی
رقم کی واپسی آج سے شروع ہو جائے گی‘ 31 اکتوبر تک تمام عمل مکمل کر لیا جائے گا:وفاقی وزیر مذہبی امور کی پریس کانفرنس
اسلام آباد (آئی این پی)وزارت مذہبی امور نے گزشتہ سال فریضہ حج ادا کرنے والے 66 ہزار 377 حاجیوں کو 3 ارب 45 کروڑ 65 لاکھ 85 ہزار روپے واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے، رقوم کی منتقلی کا عمل حاجیوں کے بینک اکائونٹس میں 31 اکتوبر تک مکمل کر لیا جائے گا، حج 2026 کیلئے 40 دن کے حج پیکیج کی رقم 11 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ 25 دن کے شارٹ حج کا پیکیج 12 لاکھ روپے مقرر کیا گیا ہے۔جمعرات کو وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزارت مذہبی امور اور حکومت کی کوشش ہوتی ہے کہ حج اخراجات کو ممکنہ حد تک کم سے کم رکھا جائے اور حج انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال عازمین حج کو سعودی عرب میں قدم قدم پر رہنمائی فراہم کرنے کیلئے حج ناظم کی اسکیم منظور کی گئی، حاجیوں کے گروپ پر ایک ناظم مقرر کیا گیا، انہوں نے کہا کہ حج 2025 کے دوران رہائشی عمارتوں، کھانے پینے، ٹرانسپورٹ سمیت دیگر معاملات میں تقریبا ساڑھے تین ارب روپے کی بچت کی گئی، یہ رقم حاجیوں کو واپس کی جا رہی ہے۔وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ گزشتہ سال فریضہ حج ادا کرنے والے 12 ہزار 286 حاجیوں کو 12 ہزار فی کس، 13 ہزار 939 حاجیوں کو 25 ہزار، 8 ہزار 496 حاجیوں کو 48 ہزار، 20 ہزار 302 حاجیوں کو 75 ہزار، 10 ہزار 945 حاجیوں کو 90 ہزار اور 400 حاجیوں کو ایک لاکھ 10 ہزار فی کس کے حساب سے رقم واپس کی جا رہی ہے، یہ واپسی آج سے ہی شروع ہو جائے گی اور 31 اکتوبر تک رقوم کی واپسی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا