وفاقی وزیرطارق فضل چودھری نے حجاج کرام کا استقبال کیا‘ فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی‘ملتان میں بھی پرواز اتری
اسلام آباد(آئی این پی)حج 2026 کی ادائیگی کے بعد پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کا عمل شروع ہو گیا، سعودی ائیرلائن کی پرواز ایس وی 5724 کے ذریعے 370 حجاج کرام پیر کو اسلام آباد پہنچ گئے۔وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے اسلام آباد ہوائی اڈے پر حجاج کرام کا استقبال کیا اور انہیں فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امسال قریبا ایک لاکھ 80 ہزار پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی، جن میں ایک لاکھ 20 ہزار عازمین سرکاری حج سکیم کے تحت سعودی عرب گئے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حجاج کرام نے حج 2026 کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتِ مذہبی امور نے عازمین حج کو ہر ممکن سہولت فراہم کی۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے وفاقی وزیر مذہبی امور اور ان کی ٹیم کو حج کے بہترین انتظامات پر مبارکباد بھی پیش کی۔