لاہور: کم عمر ڈرائیورز کی لاپرواہی شہریوں کی جانوں کے لیے خطرہ بن گئی، ڈیفنس فیز تھری میں کم عمر کار ڈرائیور کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو بھائی شدید زخمی ہوگئے، جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرا اسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک حادثہ لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز تھری میں پیش آیا، جہاں کم عمر کار ڈرائیور نے موٹر سائیکل پر سوار دو بھائیوں کو ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ موٹر سائیکل کا ٹائر پھٹ گیا اور دونوں بھائی شدید زخمی ہوگئے۔حادثے کے فوراً بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ایک بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج دم توڑ گیا جبکہ دوسرے زخمی بھائی کا علاج جاری ہے۔پولیس کے مطابق کار چلانے والے کم عمر ڈرائیور کی شناخت رضا الہٰی کے نام سے ہوئی ہے، جو ہال روڈ کے ایک تاجر کا بیٹا بتایا جاتا ہے۔ ٹریفک پولیس نے ملزم کو جائے حادثہ سے گرفتار کرکے مزید تفتیش کے لیے تھانہ ڈیفنس اے کی انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کردیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ حادثے سے متعلق مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی جاری ہے۔