ٹرمپ کی نیٹو سربراہ مارک روٹے سے کل ملاقات متوقع

ٹرمپ کی نیٹو سربراہ مارک روٹے سے کل ملاقات متوقع

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بدھ کے روز نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے ملاقات کریں گے۔

 وائٹ ہاؤس کے مطابق یہ ملاقات امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر پام بیچ میں ہوگی، جس میں نیٹو کے مستقبل، دفاعی اخراجات اور روس یوکرین جنگ سمیت اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔یہ ملاقات ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان نیٹو کے دفاعی اخراجات اور یوکرین جنگ کے معاملے پر مختلف مؤقف سامنے آتے رہے ہیں۔ یورپی ممالک چاہتے ہیں کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی قیادت میں ہونے والے مذاکرات میں انہیں بھی شامل کیا جائے۔وائٹ ہاؤس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات بدھ کی سہ پہر ہوگی۔ تاہم ملاقات کے باضابطہ ایجنڈے کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق ٹرمپ گزشتہ ہفتے ایشیا کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔ پیوٹن سے ان کی ملاقات کے بعد یورپی اتحادیوں کی جانب سے ردعمل سامنے آیا تھا۔

نیٹو سیکریٹری جنرل مارک روٹے اس سے قبل بھی امریکا اور یورپی اتحادیوں کے درمیان اختلافات کم کرنے اور اتحاد میں امریکی حمایت برقرار رکھنے کے لیے کوششیں کرتے رہے ہیں۔ دوسری جانب ٹرمپ نیٹو کے رکن ممالک پر دفاعی اخراجات میں مناسب حصہ نہ ڈالنے کے حوالے سے تنقید کرتے رہے ہیں۔ادھر یورپی ممالک کا مطالبہ ہے کہ روس یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امریکا کی سربراہی میں ہونے والے مذاکرات میں انہیں بھی شامل کیا جائے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی بھی واضح کر چکے ہیں کہ یورپ کی شمولیت کے بغیر جنگ کے مستقبل سے متعلق فیصلے نہیں ہونے چاہئیں۔