لاس اینجلس: ہالی ووڈ کے معروف اداکار ول اسمتھ اور ان کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ کی امریکی ریاست کیلیفورنیا میں واقع 4 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کی رہائش گاہ میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے۔
آگ گھر کے احاطے میں قائم سامان رکھنے کے ایک شیڈ میں لگی، تاہم واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پیر کی شب لاس اینجلس کے متعلقہ اداروں کو ول اسمتھ کی رہائش گاہ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس کے بعد فائر بریگیڈ اور پولیس کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔حکام کے مطابق آگ مرکزی رہائش گاہ کے بجائے گھر کے احاطے میں موجود ایک شیڈ میں لگی تھی، جسے سامان ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ فائر فائٹرز نے موقع پر پہنچ کر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور آگ پر قابو پانے کی کوشش کی۔
رپورٹس کے مطابق آتشزدگی کے نتیجے میں کسی شخص کے زخمی یا ہلاک ہونے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ واقعے کے وقت ول اسمتھ اور ان کی اہلیہ جیڈا پنکٹ اسمتھ گھر میں موجود تھے یا نہیں۔حکام نے واقعے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ آگ سے ہونے والے مالی نقصان کی تفصیلات بھی سامنے نہیں آئیں۔