لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی شیڈول جاری ہونے کا انتظار ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مختلف حلقوں میں بلدیاتی امیدواروں کی تلاش بھی جاری ہے۔
اپنے ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے حکومت تیار ہے اور اس سلسلے میں امیدواروں کو بھی تلاش کیا جا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنا ہے، جس کے بعد انتخابی عمل آگے بڑھے گا۔وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ ماضی میں پنجاب میں جتنے بھی انتخابات ہوئے، وہ مسلم لیگ (ن) نے ہی کروائے۔ ان کے مطابق صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھے ہوئے ہے اور مختلف حلقوں میں امیدواروں کے انتخاب پر کام کیا جا رہا ہے۔عظمیٰ بخاری نے وزیراعظم شہباز شریف کی سیاسی حکمت عملی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اتحادی جماعتوں کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں۔
وزیراعظم کے منصب پر ذمہ داری بھی بڑی ہوتی ہے، اس لیے تمام معاملات کو سیاسی سمجھ بوجھ کے ساتھ آگے بڑھانا ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اہم ایشوز کو متنازع نہیں بنانا چاہیے۔ کوئی ہمیں یہ نہیں بتا سکتا کہ کسی اہم معاملے پر مؤقف کیسے اختیار کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اہم معاملات پر مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ اپنی سیاسی حکمت عملی اور ترجیحات کے مطابق کیا جاتا ہے۔