بونوں کے فٹبال ورلڈ کپ میں ہنگامہ، مراکش اور کولمبیا کے کھلاڑیوں میں شدید لڑائی

بونوں کے فٹبال ورلڈ کپ میں ہنگامہ، مراکش اور کولمبیا کے کھلاڑیوں میں شدید لڑائی

ڈوارف ورلڈ کپ میں مراکش اور کولمبیا کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ اس وقت میدانِ جنگ میں تبدیل ہوگیا جب دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان تلخ کلامی کے بعد شدید ہاتھا پائی شروع ہوگئی۔

 واقعے کے دوران کھلاڑی ایک دوسرے پر مکوں اور لاتوں سے حملہ کرتے دکھائی دیے۔میچ کے دوران دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان کسی بات پر تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جو دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرگیا اور کھلاڑی ایک دوسرے سے الجھ پڑے۔ صورتحال اس وقت مزید خراب ہوگئی جب متعدد کھلاڑی لڑائی میں شامل ہوگئے اور میدان میں افراتفری پھیل گئی۔وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں ٹیموں کے کھلاڑی ایک دوسرے پر مکوں کی بارش کر رہے ہیں، جبکہ بعض کھلاڑیوں کو زمین پر گرا کر لاتیں بھی ماری گئیں۔ میدان میں موجود دیگر افراد نے فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے لڑائی میں شامل کھلاڑیوں کو ایک دوسرے سے الگ کرنے کی کوشش کی۔صورتحال اس قدر کشیدہ ہوگئی کہ لڑائی پر قابو پانے کے لیے اضافی افراد کو بھی میدان میں داخل ہونا پڑا۔ اس دوران کھیل کا ماحول مکمل طور پر متاثر ہوا اور مقابلے کے بجائے میدان میں ہاتھا پائی کے مناظر دیکھنے میں آئے۔

واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئیں، جہاں صارفین کی جانب سے کھیل کے میدان میں اس طرح کے پرتشدد رویے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کھیلوں کے مقابلوں میں کھلاڑیوں سے نظم و ضبط، برداشت اور کھیل کے اصولوں کی پاسداری کی توقع کی جاتی ہے، تاہم اس واقعے نے کھیل کے میدان میں کھلاڑیوں کے رویے سے متعلق کئی سوالات کھڑے کردیے ہیں۔