دانش تیمور اور عائزہ خان اب ایک ساتھ نظر کیوں نہیں آتے؟ اداکار نے انکشاف کر دیا

دانش تیمور اور عائزہ خان اب ایک ساتھ نظر کیوں نہیں آتے؟ اداکار نے انکشاف کر دیا

کراچی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار دانش تیمور نے اہلیہ اور اداکارہ عائزہ خان کی مختلف تقریبات میں غیر موجودگی سے متعلق سوالات کا جواب دیتے ہوئے وضاحت کردی ہے کہ ان کی اہلیہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

حال ہی میں دانش تیمور نے امریکی شہر ہیوسٹن میں منعقدہ ایک فنڈ ریزنگ تقریب میں شرکت کی، جہاں میزبان نے ان سے عائزہ خان کے ساتھ دوبارہ کسی ڈرامے میں کام کرنے کے حوالے سے سوال کیا۔اس سوال کے جواب میں دانش تیمور کا کہنا تھا کہ وہ دونوں ایک اچھے اسکرپٹ کے منتظر ہیں۔ صرف اس وجہ سے کسی ڈرامے میں ایک ساتھ کام نہیں کیا جاسکتا کہ وہ حقیقی زندگی میں میاں بیوی ہیں، بلکہ اس کے لیے ضروری ہے کہ کہانی بھی مضبوط اور معیاری ہو۔اداکار نے مزید کہا کہ الحمدللہ وہ اور عائزہ خان اب بھی ساتھ ہیں اور ان کے درمیان سب کچھ ٹھیک ہے۔ عائزہ ان دنوں اپنی آنے والی فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس کے باعث وہ مختلف تقریبات میں ان کے ساتھ شرکت نہیں کر پا رہیں۔

دانش تیمور کی اس وضاحت کے باوجود سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بعض صارفین نے سوال اٹھایا کہ اگر دونوں کے درمیان سب کچھ معمول کے مطابق ہے تو وہ تقریبات میں ایک ساتھ کیوں دکھائی نہیں دیتے؟دوسری جانب کئی مداحوں نے دانش تیمور کے بیان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں فنکاروں کو ایک ساتھ دوبارہ کسی ڈرامے میں دیکھنا ان کے لیے خوشی کا باعث ہوگا۔