رحیم یار خان (خصوصی رپورٹ ) کراچی سے لاہور جانے والی مال گاڑی کا انجن چنی گوٹھ کے قریب ایکسل ٹوٹنے کے باعث پٹڑی سے اتر گیا، جس کے نتیجے میں اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بند ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ شب مال گاڑی کراچی سے لاہور جارہی تھی کہ چنی گوٹھ کے قریب اچانک انجن کا ایکسل ٹوٹ گیا اور انجن پٹڑی سے اتر گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ انجن پٹڑی سے اترنے کے باعث دونوں ریلوے ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی۔ بعدازاں ریلوے عملے اور متعلقہ ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد متبادل انجن کا انتظام کیا اور مال گاڑی کے ساتھ منسلک کرکے اسے منزل کی جانب روانہ کردیا۔ انجن کی تبدیلی اور ضروری کارروائی مکمل ہونے کے بعد اپ اور ڈاؤن ریلوے ٹریک بحال کردیے گئے، جس سے ٹرینوں کی آمدورفت دوبارہ شروع ہوگئی۔