سموگ، آلودگی:3صنعتی یونٹ، 2بھٹے سربمہر،جرمانے

اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ)مضرِ صحت سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے ضلع بھر میں کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔ محکمہ ماحولیات اور پیرا فورس کی ٹیموں نے صنعتی یونٹس اور اینٹوں کے بھٹوں کی چیکنگ کا عمل تیز کرتے ہوئے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات محمد جہاں تاب اختر کی زیر نگرانی جاری کارروائیوں کے دوران رواں ماہ سموگ پالیسی کی خلاف ورزی پر 3 صنعتی یونٹس اور 2 اینٹوں کے بھٹے سیل کئے گئے، جبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔ خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیلئے مختلف صنعتی یونٹس اور بھٹہ مالکان کو 53 وارننگ نوٹسز بھی جاری کئے گئے۔