لاہور (خصوصی رپورٹ)پنجاب اسمبلی میں شوگر سیکٹر کے بحران اور چینی کی بر آمدی پالیسی کیخلاف اپوزیشن رکن صوبائی اسمبلی وقاص محمود مان کی جانب سے قرارداد جمع کرا دی گئی۔ متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کسانوں اور صارفین کی بجائے شوگر مل مالکان کے مفادات کو ترجیح دے رہی ہے۔ قرارداد میں سمری کی کے بغیر مزید 4 لاکھ 16 ہزار میٹرک ٹن چینی بر آمد کرنے کی منظوری پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ متن کے مطابق چار ماہ کے دوران یہ تیسری منظوری ہے جسکے بعد مجموعی بر آمدی مقدار 7 لاکھ 24 ہزار میٹرک ٹن تک پہنچ گئی ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ چینی کی بر آمد، در آمد کیلئے شفاف اور مستقل قواعد و ضوابط وضع کیے جائیں تاکہ مصنوعی قلت اور قیمتوں میں اضافے کی روک تھام ہو سکے۔ مسابقتی کمیشن کو بھی سیاسی مداخلت سے آزاد اور بااختیار بنانے کا مطالبہ کیا گیا تاکہ کارٹیلائزیشن کیخلاف م ئوثر کارروائی کی جا سکے۔ قرارداد میں مزید کہا گیا ہے کہ شوگر سیکٹر پالیسی مرتب کرتے وقت کسانوں، صارفین، قومی معیشت کے تحفظ کو بنیادی اہمیت دی جائے جبکہ گنے اور کپاس کی فصلوں کیلئیمتوازن زرعی پالیسی اختیار کی جائے۔