جہلم: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف آج جہلم اور پنڈ دادن خان کے دورے کے دوران اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور عوامی سہولتوں کے متعدد منصوبوں کا آغاز کریں گی۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ جہلم کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال میں کیتھ لیب، شہر کے بیوٹیفکیشن منصوبوں اور جدید اسپورٹس جمنازیم کا افتتاح کریں گی، جبکہ پنڈ دادن خان میں بھی بیوٹیفکیشن منصوبے کا افتتاح کیا جائے گا۔مریم نواز شریف کو دورے کے دوران لیلہ جہلم روڈ کے ترقیاتی منصوبے پر خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ انہیں جلّال پور آبپاشی منصوبے اور دیگر جاری ترقیاتی سرگرمیوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
طلبہ میں 537 لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب جہلم میں منعقدہ تقریب کے دوران طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالرشپ کے چیکس بھی تقسیم کریں گی۔تفصیلات کے مطابق سرکاری یونیورسٹی کے 115 طلبہ اور نرسنگ کالج کی 42 طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے، جبکہ سرکاری کالجز کے 380 طلبہ و طالبات بھی اس سہولت سے مستفید ہوں گے۔سرکاری کالجز کے طلبہ میں 329 طالبات اور 51 طالبعلم شامل ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر 537 طلبہ و طالبات کو لیپ ٹاپ دیے جائیں گے۔
109 طلبہ کو ہونہار اسکالرشپس کے چیکس ملیں گے
دورے کے دوران جہلم کے 109 طلبہ میں ہونہار اسکالرشپ کے چیکس بھی تقسیم کیے جائیں گے، جن کی مجموعی مالیت تقریباً 25 لاکھ روپے ہے۔یہ وظائف مختلف تعلیمی شعبوں میں زیرِ تعلیم مستحق اور قابل طلبہ کو فراہم کیے جائیں گے، جن میں سوشل سائنسز، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کمپیوٹر سائنس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس، سائبر سکیورٹی، انجینئرنگ اور دیگر جدید شعبے شامل ہیں۔
جہلم میں دیگر منصوبوں کا بھی افتتاح
وزیراعلیٰ کے دورے کے شیڈول میں جہلم شہر کے لیے الیکٹرک بس سروس، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے منصوبے، اولڈ تحصیل روڈ کی خوبصورتی اور اسپورٹس جمنازیم کا افتتاح بھی شامل ہے۔اسی طرح پنڈ دادن خان میں ماڈل بازار کے افتتاح اور البیرونی کالج کے دورے کا بھی پروگرام ہے۔