چمپئن شپ سے سیف گیمزکیلئے کھلاڑیوں کاانتخاب ہوگا، کرنل نبیل رانا
اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے زیرِ اہتمام 19ویں کورین ایمبیسیڈر سینئر نیشنل تائیکوانڈو چیمپئن شپ کا آغاز آج (منگل)سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں ہوگا، جس میں ملک بھر سے بہترین تائیکوانڈو کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔پاکستان تائیکوانڈو فیڈریشن کے صدر کرنل نبیل رانا کے مطابق 29 نومبر تک جاری رہنے والی چیمپین شپ میں کیوروگی، پومسے اور پیرا تائیکوانڈو کے مقابلے منعقد ہوں گے۔ ایونٹ میں صوبائی ایسوسی ایشنز، مختلف محکموں اور سروسز کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ کرنل نبیل رانا نے کہا کہ قومی چیمپئن شپ آئندہ ساتھ ایشین گیمز اور قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کیلئے باصلاحیت کھلاڑیوں کی تلاش اور انتخاب میں اہم کردار ادا کرے گی جبکہ ایونٹ سے نئے ٹیلنٹ کو بھی آگے آنے اور اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ملے گا۔